پٹنہ،26؍دسمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)آر جے ڈی سربراہ لالو یادو کو چارہ گھوٹالے میں قصوروار قرارئیے جانے کے بعد تیجسوی یادو نے بی جے پی پر جم کر حملہ بولا ہے۔بہار کے سابق نائب وزیر اعلی اور لالو یادو کے بیٹے تیجسوی یادو نے بی جے پی پر حملہ بولتے ہوئے کہا کہ اگر آج ہم لوگ بی جے پی کے ساتھ سمجھوتہ کر لیں پھر آپ دیکھئے یہ چارہ گھوٹالہ بھائی چارہ گھوٹالہ اور لالو یادو راجہ ہ ہریش چندر ہو جائیں گے۔لیکن ان کا کہنا ہے کہ بی جے پی کے سامنے جھکنے کا سوال نہیں ہیں۔حزب اختلاف کے رہنما اور سابق نائب وزیر اعلی تیجسوی یادو رانچی سے پٹنہ واپس لوٹنے کے بعد منگل کو پارٹی کے سینئر رہنماؤں کے ساتھ اجلاس کیا۔تیجسوی نے کہا کہ ان لوگوں کو یہ معلومات پوری ریاست سے مل رہی ہے کہ لوگوں میں لالو یادو کے ساتھ جو ہو رہاہے اس کے تئیں کافی ناراضگی ہے۔انہوں نے اس بات کو پھر دہرایا کہ لالو یادو اور ان کی پارٹی کے ساتھ جو کچھ بھی ہو رہا ہے وہ بی جے پی کی مخالفت کا نتیجہ ہے۔وزیر اعلی نتیش کمار پر طنز کرتے ہوئے تیجسوی نے کہا کہ جن کالوگوں نے انتخاب کیاہے وہ جیل میں ہیں اور جن کا انتخاب عوام نے نہیں کیا وہ برسراقتدار میں ہیں۔ان کی باتوں سے یہ صاف ہے کہ نتیش کمار نے جو بی جے پی کے ساتھ حکومت بنائی اس کا انہیں اب بھی ملال ہے۔چارہ گھوٹالے میں بار بار لالو یادو کو جیل اور سزا کے لئے بھی تیجسوی نے نتیش کمار کو ذمہ دار مانا۔انہوں نے کہا کہ لالو یادو کو اقتدار کے لئے پورے گھوٹالے میں پھنسایا گیا۔ حالانکہ تیجسوی کے مطابق نتیش کمار اور بی جے پی کو سمجھنا چاہئے کہ لالو جی کو جیل بھیج کر خطرہ ٹلا نہیں بلکہ ایک نیا دور شروع ہو گیا ہے۔